Sunday, 14 August 2016

نمیمتہ (چغلی) ایک سنگین گناہ

عربی کا ایک لفظ ہے نمیمتہ جس کا اردو میں ترجمہ چغلی سے کیا جاتا ہے لیکن اس کا پورا مفہوم یہ ہے کہ کسی شخص کی کوئ برائ دوسرے کے سامنے اس نیّت سے کی جائے کہ سننے والا اس کو کوئ تکلیف پہنچائے، اور یہ شخص خوش ہو کہ اس کو تکلیف پہنچی۔ یہ ضروری نہیں کہ جو برائ اس نے بیان کی وہ دوسرے کے اندر موجود بھی ہو، لیکن برائ کرنے کی نیّت یہ ہو کہ دوسرا اس کو تکلیف پہنچائے۔ یہ نمیمتہ ہے جو غیبت سے بھی زیادہ سنگین اس لیے ہے کہ غیبت میں بہت دفعہ دوسرے کو نقصان پہنچانے کی نیّت نہیں ہوتی۔ نمیمتہ دو گناہوں کا مجموعہ ہے، ایک تو دوسرے کی برائ کرنا، اور دوسرے اس کو تکلیف پہنچنے کی خواہش اور نیّت ہونا، اس لیے اس میں دوہرا گناہ ہے۔ 

قرآن کریم اور حدیث میں اس پر سخت وعیدیں نازل ہوئ ہیں؛

"اور کسی بھی ایسے شخص کی باتوں میں نہ آنا جو بہت قسمیں کھانے والا، بے وقعت شخص ہے، طعنے دینے کا عادی ہے، چغلیاں لگاتا پھرتا ہے، بھلائ سے روکنے والا، زیادتی کرنے والا، بد عمل ہے، بدمزاج ہے۔۔۔" (ترجمہء سورة القلم:۱۰۔۱۳)

اس آیت میں الّٰلہ سبحانہ تعالیٰ نے ان اطوار کا ذکر فرمایا ہے جن کے حامل لوگ الّٰلہ تعالیٰ کی نظر میں سخت ناپسندیدہ ہیں۔ ہم سب کے لئے اپنے اعمال و اخلاق کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ خدانخواستہ ہم بھی تو ان میں سے کسی عادت کے مالک نہیں ہیں۔

رسول الّٰلہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ "قتات" (یعنی چغل خور) جنّت میں داخل نہیں ہو گا۔ "قتات" بھی چغل خور کو کہتے ہیں۔

ماخوذ از بیان "غیبت ۔ ایک عظیم گناہ" از مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم

No comments:

Post a Comment