توبہ اجمالی کے بعد اگلا قدم توبہ تفصیلی ہے۔ توبہ تفصیلی کا مطلب یہ ہے کہ زندگی میں اب تک جتنے گناہ کیے تھے، ان میں سے جن گناہوں کی تلافی ممکن ہے، ان گناہوں کی تلافی کرنا شروع کر دے، اور جتنے فرائض چھوڑے تھے، ان میں سے جتنے فرائض کی ادائیگی ممکن ہے ان کاحساب لگا کر ان کی ادائیگی شروع کردے۔ اس کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
توبہ تفصیلی کے اندر سب سے پہلا معاملہ نماز کا ہے۔ بالغ ہونے کے بعد سے آج تک جتنی نمازیں قضا ہوئ ہیں ان کا حساب لگائے کہ اندازاً میرے ذمّے کتنی نمازیں باقی ہیں۔ اگر ٹھیک ٹھیک حساب لگانا ممکن نہ ہو تو اس صورت میں ایک محتاط اندازہ کر کے اس طرح حساب لگائے کہ اس میں نمازیں کچھ زیادہ تو ہو جائیں، کم نہ ہوں۔ پھر اس کو ایک کاپی میں لکھ لے کہ "آج اس تاریخ کو میرے ذمّے اتنی نمازیں فرض ہیں اور آج سے میں ان کو ادا کرنا شروع کر رہا ہوں۔ اگر میں ان نمازوں کو اپنی زندگی میں ادا نہ کر سکا تو میں وصیّت کرتا ہوں کہ میرے انتقال کے بعد میرے ترکے سے ان نمازوں کا فدیہ ادا کر دیا جائے۔"
جاری ہے۔۔۔
ماخوذ از بیان "توبہ: گناہوں کا تریاق"، از مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم
No comments:
Post a Comment