"رہی یہ دیوار، تو وہ اس شہر میں رہنے والے دو یتیم لڑکوں کی تھی، اور اس کے نیچے ان کا ایک خزانہ گڑا ہوا تھا، اور ان دونوں کا باپ ایک نیک آدمی تھا۔۔۔" (سورہٴ الکھف: ۸۲)
یہ آیت سورہ کہف کی ان آیتوں میں سے ہے جن میں حضرت موسی علیہ السلام اور حضرت خضر علیہ السلام کا پورا قصّہ بیان کیا گیا ہے۔ حضرت ابنِ عبّاس ؓ نے فرمایا کہ وہ (خزانہ جس کا اس آیت میں ذکر ہے) سونے کی ایک تختی تھی جس پر نصیحت کے مندرجہ ذیل کلمات لکھے ہوئے تھے، یہ روایت حضرت عثمان بن عفّان نے مرفوعاً رسول الله ﷺ سے بھی نقل فرمائ۔ (قرطبی)
۱۔ بسم الله الرحمٰن الرحیم۔
۲۔ تعجّب ہے اس شخص پر جو تقدیر پر ایمان رکھتا ہے، پھر غمگین کیوں کر ہوتا ہے۔
۳۔ تعجّب ہے اس شخص پر جو اس پر ایمان رکھتا ہے کہ رزق کا ذمّہ دار الله تعالیٰ ہے، پھر ضرورت سے زیادہ مشقّت اور فضول قسم کی کوشش میں کیوں لگتا ہے۔
۴۔ تعجّب ہے اس شخص پر جو موت پر ایمان رکھتا ہے پھر خوش و خرّم کیسے رہتا ہے۔
۵۔ تعجّب ہے اس شخص پر جو حسابِ آخرت پر ایمان رکھتا ہے پھر غفلت کیسے برتتا ہے۔
۶۔ تعجّب ہے اس شخص پر جو دنیا اور اس کے انقلابات کو جانتا ہے پھر کیسے اس پر مطمئن ہو کر بیٹھتا ہے۔
۷۔ لا الہٰ الا الله محمد رسول الله
ماخوذ از بیان القرآن، تالیف مفتی محمد شفیع رحمتہ الله علیه
No comments:
Post a Comment