حضرت ڈاکٹر عبدالحئ رحمتہ الّلہ علیہ علیہ نے فرمایا کہ جب آدمی کو کوئ دکھ اور پریشانی ہو، یا کوئ بیماری ہو، یا کوئ ضرورت اور حاجت ہو تو الّلہ تعالیٰ سے دعا تو کرنی چاہیے کہ یا الّلہ! میری اس حاجت کو پورا فرما دیجیے، میری اس پریشانی اور بیماری کو دور فرما دیجیے، لیکن ایک طریقہ ایسا بتاتا ہوں کہ اس کی برکت سے الّلہ تعالیٰ اس کی حاجت کو ضرور ہی پورا فرما دیں گے۔ وہ یہ ہے کہ کوئ پریشانی ہو اس وقت درود شریف کثرت سے پڑھیں، اس درود شریف کی برکت سے الّلہ تعالیٰ اس پریشانی کو دور فرما دیں گے۔
اس کی دلیل یہ ہے کہ سیرتِ طیّبہ میں یہ بات لکھی ہوئ ہے کہ جب کوئ شخص حضورِ اقدس ﷺ کی خدمت میں کوئ ہدیہ لاتا تو آپ اس بات کی کوشش فرماتے کہ اس کے جواب میں اس سے بہتر تحفہ اس کی خدمت میں پیش کروں تا کہ اس کی مکافات ہو جائے۔ آپ نے ساری زندگی اس پر عمل فرمایا۔ یہ درود شریف بھی حضورِ اقدس ﷺ کی خدمت میں ہدیہ ہے، اس لیے جب ملائکہ یہ درود شریف آپ کی خدمت میں پہنچائیں گے کہ آپ کے فلاں امّتی نے آپ کی خدمت میں درود شریف کا یہ تحفہ بھیجا ہے تو غالب گمان یہ ہے کہ حضورِ اقدس ﷺ اس ہدیہ کا بھی جواب دیں گے اور وہ جوابی ہدیہ یہ ہو گا کہ وہ الّلہ تعالیٰ سے دعا کریں گے کہ جس طرح اس بندے نے مجھے ہدیہ بھیجا، اے الّٰلہ، آپ بھی اس بندے کی حاجتیں پوری فرما دیں۔
ماخوذ از بیان "درود شریف: ایک اہم عبادت"، از مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم
No comments:
Post a Comment