گذشتہ سے پیوستہ۔۔۔
ان دونوں بیماریوں کا علاج قرآن کریم نے تجویز فرمایا: واستعینو بالصّبر والصّلوة (اور مدد لو صبر اور نماز سے)۔ یعنی صبر کے ذریعے اپنی لذّات و خواہشات پر قابو حاصل کرو۔ اس سے حبّ ِ مال گھٹ جائے گی، کیونکہ مال کی محبّت اسی لئے پیدا ہوتی ہے کہ مال لذّات و خواہشات کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے۔ جب انسان لذّات و خواہشات کی اندھا دھند پیروی چھوڑنے پر ہمّت باندھ لے گا تو شروع میں اگر چہ شاق گزرے گا لیکن رفتہ رفتہ یہ خواہشات اعتدال پر آ جائیں گی، اور اعتدال انسان کی عادت بن جائے گی، تو مال کی محبّت ایسی غالب نہ رہے گی کہ اپنے اخروی نفع و نقصان سے اندھا کر دے۔
اور نماز سے حبّ ِ جاہ کم ہو جائے گی، کیونکہ نماز میں ظاہری اور باطنی ہر طرح کی پستی ہے۔ جب نماز کو صحیح صحیح ادا کرنے کی عادت ہو جائے گی تو ہر وقت الله تعالیٰ کے سامنے اپنی عاجزی اور پستی کا تصوّر رہنے لگے گا جس سے تکبّر و غرور اور حبّ ِ جاہ گھٹ جائیں گے۔
ماخوذ از معارف القرآن، تفسیرِ سورةٴ البقرہ، از مفتی محمد شفیع ؒ
No comments:
Post a Comment