Wednesday 3 May 2017

بیمار کے لئے مسنون دعائیں پڑھنے کے فائدے

ان دعاؤں کے پڑھنے کا پہلا فائدہ تو یہ ہے کہ ہم نے مریض کی عیادت کے وقت رسول الّٰلہ ﷺ کی سنّت پر عمل کیا اور وہ الفاظ کہے جو رسول الّٰلہ ﷺ کسی بیمار کی عیادت کے وقت کہا کرتے تھے۔ اور اتّباعِ سنّت وہ عظیم الشان عبادت ہے کہ قرآن کریم میں الّٰلہ تعالیٰ نے رسول الّٰلہ ﷺ سے خود خطاب فرمایا ہے کہ "کہہ دو کہ اگر تم الّٰلہ سے محبّت رکھتے ہو تو میری اتّباع کرو، الّٰلہ تم سے محبّت کرے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا۔" (۳: ۳۱) ایک عام مسلمان کے لئے اس سے بڑا رتبہ کیا ہو سکتا ہے کہ جتنی دیر وہ کسی سنّت پہ عمل کرتا رہتا ہے، اتنی دیر وہ الّٰلہ تعالیٰ کا محبوب ہوتا ہے۔

دوسرے ایک انسان کے ساتھ ہمدردی کرنے کا ثواب حاصل ہو گا، اور دوسرےانسانوں بلکہ جانوروں تک کے ساتھ ہمدردی کرنا، ان کی تکلیف کو دور کرنے کی کوشش کرنا، ان کو آرام پہنچانے کی فکر کرنا، عظیم ترین عبادات میں شامل ہیں۔

تیسرے اپنے بھائ کے حق میں دعا کرنے کا ثواب حاصل ہوگا، اس لئے کہ دوسروں کے لئے دعا کرنا خود ایک عظیم الشان عبادت ہے۔

گویا اس چھوٹے سے عمل میں تین اتنی عظیم عبادتیں جمع ہو جاتی ہیں۔ دوسروں کی عیادت تو ہم سب کبھی نہ کبھی کرتے ہی ہیں لیکن خالی الذہن کسی کو دیکھنے جانے کے بجائے اگر انسان ذرا دھیان کرے اور اتباعِ سنّت کی نیّت کر لے کہ رسول الّٰلہ ﷺ بیمار کو دیکھنے جایا کرتے تھے ان کی اتّباع میں میں بھی اس بیمار کی عیادت کرنے جا رہا ہوں، یہ سوچ لے کہ میں الّٰلہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لئے اس شخص کو دیکھنے جا رہا ہوں، عیادت کے جو آداب ہیں ان پر عمل کرے کہ اس کا خاص خیال کرے کہ ایسا کوئ کام نہ کرے کہ اس کے جانے یا زیادہ بیٹھنے سے بیمار کو تنگی یا بے آرامی ہو، اور عیادت کے وقت مسنون دعا پڑھ لے، تو انشاٴ الّٰلہ عیادت کا یہ عمل ایک عظیم عبادت بن جائے گا۔

ماخوذ از بیان "بیمار کی عیادت کے آداب"، از مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم

No comments:

Post a Comment